اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی ہمارا سب سے بڑا چیلنج اور حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے بھی اے پی این ایس کے نو منتخب پینل کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معاشی بحالی کی کوششوں اور حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہت مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے اور معیشت کی بحالی ہمارا سب سے بڑا چیلنج اور حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ محصولات کی وصولی کے نظام کو جدید بنانے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آر) کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جا رہی ہے اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پریس یقینی طور پر ریاست کا چوتھا ستون ہے اور معاشرے کی تعمیر و ترقی، عوام کی تربیت میں پریس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ گڈ گورننس یقینی بنانے اور عوام کو آگاہی کی فراہمی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں بھی پرنٹ میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا اور ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی استحکام کے ثمرات کی عوام تک منتقلی میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔ فیک نیوز کے تدارک کے لیے حکومت اور میڈیا کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پریس کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور ہر ممکن اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔ صحافی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے۔