برطانوی کمپنی نے ملکہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی پر ساڑھے تین کلو وزنی سونے کا سکہ تیار کیا ہے جس پر 6426 ہیرے جڑے ہیں ،سکے کی قیمت دو کروڑ 30 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ جو 7 ارب پاکستانی روپے کے برابر ہے۔
باسکٹ بال سائز کا سکہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے تیار کیا ہے ، اگرچہ یہ کمپنی ختم ہوچکی ہے لیکن اس کے نام کو استعمال کرنے کا قانونی اجازت نامہ سنجے مہتا نامی شخص نے حاصل کیا ہے۔ تاہم اس یادگاری سکے کو حکومتی قانونی سکے کا درجہ نہیں دیا گیا ہے۔
سکے کا نام ’دی کراؤن‘ رکھا گیا ہے جسے سنجیومہتا اور اس کے ساتھی ماہرین نے تیار کیا ہے ، سکے کا قطر9.6 انچ ہے جس پر 24 قیراط سونے کے ایک درجن سکے اور ہزاروں ہیرے لگائے گئے ہیں۔ سکے پر ملکہ کی تصویر بھی کاڑھی گئی ہے۔
ہیروں کو برطانوی پرچم کی شکل میں سجایا گیا ہے جسے بھارت، برطانیہ، سنگاپور، جرمنی اور سری لنکا کے ڈیزائنر اور ماہرین نے بنایا ہے۔ سنجے مہتا ہے نے اخباری نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم، ’کرہ ارض کی ملکہ‘ تھیں جن کی یاد میں یہ شاہکار تخلیق کیا گیا ہے۔