ملکی خزانے پر ڈالرز کی برسات ایک ہفتے میں کروڑوں ڈالرز کے اضافے سے زرمبادلہ ذخائر سوا 13 کروڑ ڈالرز کی سطح سے اوپر چلے گئے

ملکی خزانے پر ڈالرز کی برسات، ایک ہفتے میں کروڑوں ڈالرز کے اضافے سے زرمبادلہ ذخائر سوا 13 کروڑ ڈالرز کی سطح سے اوپر چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 23 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 15 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتہ کی زرمبادلہ کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ اضافے کے بعد زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 13 ارب 39 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئی۔

اعلامیے کے مطابق ایک ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اضافہ سے 8 ارب ایک کروڑ 79 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 13 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اضافہ سے 5 ارب 37 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی سطح پر اگئے۔

دوسری جانب پاکستانی روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ جمعرات کے روز بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا اور ڈالر کے اوپن ریٹ 281روپے سے بھی نیچے آگئے۔

جمعرات کے روز کاروباری دورانیے میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 26پیسے کی کمی سے 278روپے 15 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم مقامی وبیرونی ادائیگیوں کی ضروریات کے لیے طلب بڑھنے کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر صرف 01پیسے کی کمی سے 278روپے 40پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 22 پیسے کی کمی سے 280روپے 90پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں