ملک میں عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ سے متعلق نئی پیشگوئی سامنے آگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش 6 جون کی شب 5 بج کر 38 منٹ پر ہوگی، چاند دکھائی دینے کیلئےاس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے، اس لیے ملک میں ذوالحج کا چاند 7 جون کو نظر آنے کا امکان ہے، اس روز غروب آفتاب 7 بج کر 20 منٹ پر ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 72 منٹ تک رہ سکتا ہے اور ملک میں عید الضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہونے کا قوی امکان ہے، تاہم عید الاضحٰی کی تاریخ کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد کرے گی۔
ادھر العربیہ نیوز نے رپورٹ کیا کہ بین الاقوامی فلکیات مرکز نے توقع ظاہر کی ہے اسلامی دنیا میں 2024کی عید الاضحی کی تاریخ مختلف ہوگی، بہت سے ممالک ذی الحجہ کا چاند 7 جون بروز جمعہ کو دیکھیں گے، جمعہ 7 جون کو دنیا کے بیشتر ملکوں میں کھلی آنکھوں سے چاند کا نظر آنا ممکن ہے، اس لیے ان تمام ملکوں میں یکم ذو الحج ہفتہ 8 جون اور عید الاضحی پیر 17 جون کو ہوگی، چاند نظر آنے پر یکم ذو الحج ہفتہ 8 جون کو ورنہ اتوار 9 جون کو ہوگی، اسی حساب سے دس ذو الحج یا عید الاضحی کا پہلا دن پیر 17 جون یا منگل 18 جون کو ہوگا
مرکز نے مزید بتایا کہ اسلامی ملکوں کی اکثریت میں ذوالقعد کا مہینہ جمعرات 6 مئی کو شروع ہوا اور یہ ممالک جمعرات 6 جون کو ذوالحج کا چاند دیکھیں تو یکم ذوالحج 8 جون یا پھر 9 جون کو ہوگی، اسی طرح ان ممالک میں عید الاضحی اتوار 16 جون یا پیر 17 جون کو ہوگی چوں کہ جمعرات 6 جون کو عالم اسلام کے وسط اور مغرب میں غروب آفتاب کے چند منٹ بعد چاند غروب ہو جائے گا اس لیے اس بات کا امکان نہیں ہے کہ چاند نظر آجائے اور یکم ذو الحج جمعہ 7 جون اور عید الاضحی اتوار 16 جون کو ہونے کی توقع نہ ہونے کے برابر ہے۔