سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا، انٹرنیٹ سروسز میں خلل کی وجہ سے آن لائن کام کرنے والے افراد بھی پریشان
ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروسز متاثرہونے سے صارفین مشکلات کاشکار،صارفین کو سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا،بندش کی وجہ سامنے نہیں آئی،نٹرنیٹ سروسز میں خلل کی وجہ سے آن لائن کام کرنے والے افراد بھی پریشانی کا شکار ہیں،تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور اور پشاور کے مختلف علاقوں میں موبائل ڈیٹا متاثر ہونے سے شہری پریشان ہوگئے۔
کراچی اور لاہور میں انٹرنیٹ ڈیٹا متاثر ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ شہریوں کو ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔کوئٹہ میں انٹرنیٹ سروسز جزوی طور پر معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کوئٹہ شہر اور گردونواح میں موبائل کمپنیوں کی تھری جی اور فوی جی سروسز جزوی طور پر معطل ہیں۔
یہ بھی بتایاگیا ہے کہ شہر قائد میں اچانک موبائل انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے صارفین کو سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔اسی طرح خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کی گئیں ہیں۔ انٹرنیٹ بند ہونے سے تمام رابطے منقطع ہوگئے ہیں اور شہری اس حوالے سے پریشا ن ہیں ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں موبائل فون سروس بند کردی گئی۔
امن وامان یقینی بنانے کیلئےموبائل سروس بندکی گئی ہے،وزارت داخلہ کے احکامات پرجڑواں شہروں میں موبائل سروس بند کی گئی،موبائل سروس کے ساتھ موبائل انٹرنیٹ بھی بند ہوگیا، براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور لینڈ لائن سروس کو بند نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اسلا م آباد میں ڈی چوک پر احتجاج کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد،راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر شہروں میںدفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے سیاسی اجتماعات ،جلسے و جلوسوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر ملک بھر سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانیوالے راستے بند کر دیئے گئے۔راولپنڈی اور اسلام آباد کی تمام اہم شاہراہیں کنٹینرز لگا کر سیل کردی گئیں۔ جڑواں شہروں میں زمینی رابطہ بھی ختم ہو گیا۔ فیض آباد پر کنٹینرز کی ڈبل لیئر جبکہ زیرو پوائنٹ پر 20 فٹ اونچی کنٹینرز وال کھڑی کر دی گئی ہے۔سرینگر ہائی وے کو کئی مقامات سے سیل کر دیا گیا ہے جبکہ سرینگر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ سے ریڈ زون میں داخلہ ناممکن بنا دیا گیا۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کھنہ پل سے فیصل مسجد تک مختلف مقامات پر سیل کر دی گئی، ڈی چوک ،سرینا چوک، نادرا چوک پر بھی کنٹینرز کھڑے کر دیئے گئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظرمیٹرو بس انتظامیہ نے بھی راولپنڈی میں آج میٹرو بس سروس معطل رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کے مطابق میٹرو بس سروس صدر سے آئی جے پی روڈ تک معطل رہے گی جبکہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس بحال رہے گی۔
لاہور سمیت پنجاب بھر سے اسلام آباد، راولپنڈی کو ملانے والی تمام سڑکیں رکاوٹیں لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔ لاہور میں موٹروے، رنگ روڈ، بابوصابو انٹرچینج، شاہدرہ سے پنڈی جانے والی سڑکوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔لاہور بابوصابو انٹرچینج ٹول پلازہ پر 12 سے زائد کنٹینر کھڑے کئے گئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن، واٹر بوزر، پریزن وین، پولیس کی نفری بھی موجود ہے۔ عام شہریوں کو بھی پنڈی، اسلام آباد جانے روک دیا گیا ہے۔