مہنگائی کا ایک اور “تحفہ”، ایل پی جی 40 روپے سے زائد مہنگی کر دی گئی گیس مافیا نے اوگرا کے نوٹیفیکیشن کے بنا ہی فی کلو ایل پی جی کی قیمت 220 روپے مقرر کر دی

لاہور ایل پی جی 40 روپے سے زائد مہنگی کر دی گئی، گیس مافیا نے اوگرا کے نوٹیفیکیشن کے بنا ہی فی کلو ایل پی جی کی قیمت 220 روپے مقرر کر دی، سرکاری قیمت 177 روپے مقرر ہے۔ تفصیلات کے مطابق گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو گرام اضافہ کر دیا جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت 220 روپے ہوگئی۔

ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 220روپے اور کمرشل سلنڈر400روپے مہنگا ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ اوگرا نے گزشتہ ماہ ایل پی جی کی قیمت 177 روپے مقرر کی تھی، تاہم ملک میں کہیں بھی سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی فروخت کو یقینی نہ بنایا جا سکا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی مختلف قیمت پر فروخت کی جاتی رہی، جبکہ اب گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں مزید خود ساختہ اضافہ کر دیا۔

اس حوالے سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق پہاڑی و دور دراز کے علاقوں میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 310روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ جاری ہے، ملک میں کسی جگہ سرکاری قیمت پر گیس دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اوگرا سرکاری قیمت پر گیس دستیاب کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

گیس مافیا نے اوگرا کی جاری کردہ قیمت ماننے سے انکار کر دیا ہے، وزیر اعظم اور اوگرا ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کا نوٹس لیں، غریب ایل پی جی دکان داروں کے خلاف آپریشن بند کیا جائے۔ عرفان کھوکھر نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے سرکاری امپورٹ کمپنی ایس ایس جی سی کا ریکارڈ قبضہ لینے کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے، گیس بلیک کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں اور 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا جائے۔ یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے بھی حکم دیا گیا تھا کہ ملک میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر فروخت کو یقینی بنایا جائے، تاہم پنجاب کی اعلٰی ترین عدالت پر عملدرآمد کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں