وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف عدالتوں نے وارنٹ نکالے میں نے مقدمہ نہیں بنایا بلکہ قانون حرکت میں آیا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کےمعاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے عمران کے خلاف مقدمہ نہیں بنایا بلکہ قانون حرکت میں آیا ہے، عدالتوں نے وارنٹ نکالے لیکن عمران خان بزرگی اور بیماری کے سہارے ڈھونڈ رہا ہے۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات تباہ کردیے، تحفے میں ملی گھڑی بیچ ڈالی، سابق وزیراعظم نے ملک کو دیوالیہ اور پاکستان کا اعتماد ختم کردیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ مردم شماری کے لیے اربوں روپے کے فنڈز وفاقی حکومت نے دیے، عمران خان منفی سیاست کررہا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف چند دنوں یا چند ہفتوں میں واپس آسکتے ہیں، جیسے ہی ڈاکٹروں نے اجازت دی وطن میں ہوں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین آج بھی پاکستان کو سپورٹ کررہا ہے، چند دنوں میں چین نے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر دیے۔
آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق وزیراعظم نے وضاحت کی کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی مکمل میرٹ پر کی گئی، جی ایچ کیو سے جو لسٹ ملی تھی اس میں جنرل عاصم منیر سب سے سینئر ترین تھے۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائز سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز نے سیاست میں موجودہ مقام اپنی دلیری سے حاصل کیا، والد جیل میں تھے ان کے لیے نڈر بن کر آواز اٹھائی، پارٹی میں جو عہدہ ملا وہ میری مشاورت سے ملا۔