نشتر اسپتال کی چھت پر لاوارث لاشیں رکھے جانے کا انکشاف، وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس

ملتان کے نشتر اسپتال کی چھت پر لاوارث لاشوں کو رکھے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری طارق زمان نے عوامی شکایات پر اسپتال کا دورہ کیا ۔ اس دوران مردہ خانے کی چھت پر لاوارث لاشیں ملیں۔

اس موقع پرنشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ترجمان ڈاکٹر سجاد مسعود نے کہا کہ نشتر اسپتال کی چھت پر لاوارث لاشوں کی تعداد 4 تھی۔ قدرتی طور پر خشک کی گئی لاشیں طلبہ کی پڑھائی کے لیے ہوتی ہیں اور 4 سے 5 سال پرانی لاش طلبہ کو پڑھانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاشوں کے بارے میں پہلے سی پی او کو اطلاع دی گئی تھی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے نشتر اسپتال کی چھت پر لاوارث لاشوں کی موجودگی کا نوٹس لے لیا۔

پرویز الہٰی نے لاشوں کی موجودگی کے واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ہیلتھ ساؤتھ پنجاب نے تحقیقات کے لیے 6 رکنی کمیٹی اور جامعہ کے وائس چانسلر نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں