نیلم ، جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ : حالیہ خرابی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش

وزیراعظم کی زیر صدارت نیلم ، جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں پراجیکٹ میں پیداہونیوالی حالیہ خرابی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا نیلم ، جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی دائیں اور بائیں ہیڈریس ٹنل میں 29اپریل کی فشار میں کمی واقع ہوئی،فشار میں کمی سے بجلی پیداوار میں کمی ہوئی اور 2مئی کو پاور پلانٹ سے پیداوار مکمل بند ہو گئی۔

منصوبے کی بندش سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ،جس جگہ موجودہ خرابی پیداہوئی ہے یہ راک برسٹ زون ہے ،2021میں بھی ہیڈریس ٹنل میں فشار میں کمی سے بجلی پیداوار میں نمایاں کمی آئی۔

فشار میں اس غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز کرتے ہوئے معاملے کو جان بوجھ کر دبادیا گیا ،2021میں مرمت کاکام نہیں کیا گیا اور نقصان میں اضافہ ہوتا رہا ،سال 2022میں منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل میں خرابی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار معطل ہوئی۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا ہیڈریس ٹنل کی مناسب کنکریٹ لائننگ نہیں کی گئی ،منصوبے کی بروقت تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن نہیں کی گئی۔

وزیراعظم نے نیلم ، جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی حالیہ بندش کی تحقیقاتی رپورٹ فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا خرابیوں کے حوالے سے ذمہ داران کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ماہرین نے نشاندہی کی ڈیزائن میں خرابیاں ہیں ، کنکریٹ لائننگ نہیں کی گئی ،یہ کس قدر بدقسمتی ہے کہ اتنے بڑے اور اہم منصوبے میں مجرمانہ غفلت برتی گئی۔

منصوبے کے حوالے سے تفصیلی جیولوجیکل سروے کیوں نہیں کرایا گیا؟منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن نہ کروا کر مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کیا گیا۔

وزیراعظم نے نیلم ، جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کو دوبارہ فعال کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں