وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف آج فیصل آباد میں ریلوے ہاؤسنگ کالونی سمن آباد میں دھاتی تار سے جاں بحق ہونے والے نوجوان آصف اشفاق کی رہائش گاہ گئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف نے آصف اشفاق کے والد محمد اشفاق اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف نے آصف اشفاق کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مرحوم آصف اشفاق کی والدہ کو گلے لگا کر تسلی دی۔ آصف مرحوم کی والدہ نے ہچکیاں لے کر روتے ہوئے کہا کہ ”آصف کی شادی کرنی تھی ”۔ وزیراعلیٰ مریم نواز ان کا ہاتھ تھام کر تسلی تشفی دیتی رہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ ماں ہوں اور ماں کے دکھ کو سمجھتی ہوں۔
آصف اشفاق کی دردناک موت پورے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے رو کنے کی سماجی ذمہ داری پوری کریں۔ دھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قائد محمد نواز شریف نے سوگوارخاندان کو دلاسہ دیا اور کہا کہ سب ملکر اس جرم کو روکیں، خوفناک ویڈیو دیکھی نہیں جاتی۔
مرحوم آصف اشفاق کے والد اور بھائی نے کہا کہ ”ہمارا آصف چلا گیا، کسی اور کا آصف نہ جائے“۔ آئی جی پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہاکہ ڈور منگوانے، بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہوچکے ہیں۔ کے پی کے سے پانڈا ڈور سپلائی کی جا رہی تھی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹرپرویز رشید، ارکان اسمبلی، مسلم لیگ ن کے رہنماء، چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔
مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف فیصل آباد میں واسا کے ہلاک ہونیوالے سیور مینوں کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ واسا فیصل آباد کے آصف مسیح اور شان مسیح سیوریج کی صفائی کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آصف مسیح کے والد الیاس مسیح اور شان مسیح کے والد مشتاق مسیح سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے متوفی کے بچوں کو گود بٹھا کر پیار کیااور متوفی کی والدہ کو دلاسا دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ واسا کو اپنے سیور مینوں کی حفاظت کے لئے بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں۔ پنجاب میں ورکرز کے لئے آکو پیشنل سیفٹی کٹس دی جارہی ہیں۔ ہر ورکر میرے لئے اہم ہے، ہر جان قیمتی ہے۔ محمد نوازشریف نے کہا کہ آصف اور شان کے دوران ڈیوٹی ہلاک ہونے کا بے حد دکھ ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، طلا ل چوہدری، خلیل طاہر سندھو، مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما، چیف سیکرٹری، آئی جی کمشنر،آر پی او اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔