وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور قیدی خواتین کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مہمانوں کے ساتھ بیٹھنے کی بجائے قیدی خواتین کے ساتھ بیٹھ گئیں، اس دوران مریم نواز شریف قیدی خواتین کو خود سموسے، پکوڑے ،پھل اور کھانا پیش کرتی رہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سینٹرل جیل کے لان میں پودا لگایا اور مزید درخت لگانے کی ہدایت بھی کی، مریم نواز نے سیل کا دورہ بھی کیا جہاں ان کے والد محمد نواز شریف قید کے دوران رہے، وزیر اعلیٰ پنجاب جیل میں گزارے وقت کی یادیں تازہ کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
بتایا گیا ہے کہ مریم نوازشریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے مخصوص 20بیڈڈ ہسپتال کا افتتاح کیا، وزیراعلیٰ نے قیدیوں کیلئے ویڈیو کال فیسلٹی کا بھی افتتاح کیا، سینٹرل جیل لاہور دنیا بھر میں قیدیوں کے لیے وڈیو کال کی سہولت فراہم کرنے والی پہلی جیل ہے، مریم نوازشریف نے جیل کے کچن کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کیلئے تیار کھانے کا جائزہ لیا اس کا معیار چیک کیا، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر قید یوں کے لئے سپیشل افطار مینیو تیار کیا گیا، قیدیوں کو افطار میں بریانی،سموسے، پکوڑے ، پھل دہی بڑے پیش کیے گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ مریم نواز نے قیدی خاتون کے ساتھ موجود ننھی بچی کا ہاتھ پکڑ لیا اور اسے کھانے کے بارے پوچھا، انہوں نے رہائی پانے والے قیدیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت مرد قیدیوں کو 15 ہزار اور کپڑے اور خواتین قیدیوں کو 15 ہزار، کپڑے اور چوڑیاں دی گئیں۔