اسلام آباد(شہزار پراچہ) وزیر اعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی آٹو میشن کے نظام کے مجوزہ روڈ میپ کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اب اس روڈ میپ پر وقت کے واضح تعین کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے.
وزیر اعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی آٹو میشن کے نظام کے مجوزہ روڈ میپ کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اب اس روڈ میپ پر وقت کے واضح تعین کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے
وزیراعظم سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پی آئی اے کی نجکاری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف۔بی۔آر) کی ری سٹرکچرنگ سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں ایف بی آر کی آٹو میشن، نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے، عالمی معیار کے مطابق ڈھانچہ جاتی اصلاحات، مراعات کے ذریعے ٹیکس میں اضافے، کرپشن و سمگلنگ کے خاتمے ، ان لینڈ ریونیو اور کسٹم کے شعبے الگ کرنے اور ٹیکس ریٹ میں کمی پر پیش کردہ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایف بی آر کی آٹو میشن کے نظام کے مجوزہ روڈ میپ کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اب اس روڈ میپ پر وقت کے واضح تعین کے ساتھ عمل درآمد کیا جائے۔
اہداف کا تعین نہ صرف حقیقت پسندانہ ہو بلکہ عمل درآمد کی رفتار کے لحاظ سے خطے میں تیز ترین بھی ہو۔ ہمیں چوبیس گھنٹے مسلسل محنت سے یہ ہدف حاصل کرنا ہے۔ ہمارے پاس ضائع کرنے کے لئے مزید ایک لمحہ بھی نہیں۔ یہ پاکستان کے روشن مستقبل اور معاشی بحالی کا سوال ہے۔
وزیراعظم نے وزارت قانون کو ہدایت کی کہ ٹیکس وصولیوں اور ریونیو سے متعلق عدالتوں میں زیرالتوامقدمات اورقانونی تنازعات کے حل کے لئے فی الفور سفارشات پیش کرے تاکہ انہیں حل کرکے قومی خزانے کو 1.7 ٹریلین روپے کی فراہمی کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور ہوسکیں۔ وزیراعظم نے وزارت قانون کو ایف بی آر میں قانونی شعبہ کے قیام، ڈرافٹنگ کو قانون کے مطابق بنانے اور وکلاء کی خدمات لینے کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے کہاکہ اصلاحات پر عمل درآمد کے نتیجے میں ہی 6 سے 7 فیصد قومی شرح ترقی کاحصولممکن ہوسکتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ ہمیں اپنے ریونیو اور ٹیکس کے نظام کو جدید بنانےکے لئے سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ مراعات پر مبنی ٹیکس نظام لانا چاہتے ہیں۔ ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کی پوری خواہش ہے لیکن عوام کی ترقی اور سماجی خدمت میں کاروباری برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرکے مدد کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں تھرڈ پارٹی آڈٹ کا موثر نظام یقینی بنانا ہوگا جس میں ہمارا سسٹم اب تک ناکام رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دنیا میں سکہ بند نظام آچکے ہیں جنہیں اپنا کر ہم بہتری لاسکتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ تمام ٹیکسوں پر دئیے جانے والے استثنیٰ کی مکمل جانچ پڑتال ہونی چاہیے ۔ ایس ایم ایز کو ترقی دی ہوتی تو آج پاکستان دنیا کے ترقی کرجانے والے ممالک سے پیچھے نہ ہوتا۔ چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعت کی حوصلہ افزائی چالیس سال میں نہیں کرسکے۔ اب اس شعبے کو فروغ دینا ہوگا۔
سابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ایف بی آر کی ری سٹرکچرنگ،آٹومیشن، ریونیو کے حصول میں خامیوں کے مختلف پہلوﺅں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر جامع بریفنگ دی۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے اجلاس کو بتایا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی پاکستان میں دنیا بھر کے مقابلے میں کم 9.5 فیصد ہے جس میں اضافہ کرنا پاکستان کی ترقی کے لئے نہایت ضروری ہے۔ 55.6 فیصد کوئی ٹیکس نہیں دیتے جبکہ صرف3.3 فیصدٹیکس دیتے ہیں۔ 2 لاکھ لوگ 90 فیصد ٹیکس دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا 1.7 ٹریلین روپے قانونی عمل کی وجہ سے پھنسا ہوا ہے۔ انہوں نے فیڈرل پالیسی بورڈ کے قیام، دنیا کے دیگر ممالک کی طرز پرمحکمہ کسٹم کی تشکیل نو اور لیگل اینڈ ریگولیٹری فریم ورک میں اصلاحات کی تجاویز پر بھی روشنی ڈالی۔ فیڈرل پالیسی بورڈ طویل المدتی ٹیکس پالیسی وضع کرے گا تاکہ پالیسی کا تسلسل رہے۔
اجلاس کے آغاز میں وزیراعظم نے ڈاکٹر شمشاد اختر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کاوشوں پر آج ذاتی طورپر شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ سینیٹر اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ٹھوس بنیاد بناکر گئے تھے جس کی وجہ سے بعد میں اس معاملے میں پیش رفت ممکن ہوئی۔وزیراعظم نے ڈاکٹر شمشاد اختر کی پریزنٹیشن کو جامع قرار دیتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکٹر کا کابینہ نے بھی ایف بی آر کی آٹو میشن اور ان لینڈ ریونیو اور کسٹم کے شعبے الگ کرنے کی منظوری دی تھی مگر اس پر انکم ٹیکس کے افسرنے عدالت سے حکم امتناعی لے لیا تھا جس میں کیس کی سماعت اج جمعرات کو ہوگی۔
ایف بی ار کے نوٹی فیکشن کے مطابق ایف بی ار نے گذشتہ ماہ مجوزہ اصلاحات کے خلاف عدالت جانے الے افسر کا سرگودھا سے تبادلہ کرتے ہوئے ایڈمن پول ایف بی ار کردیا تھا