دبئی: ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان ویمنز ٹیم کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔
بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 106 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ بھارت کی طرف سے شیفالی ورما 32 اور جمیما روڈریگز 23 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
گرین شرٹس کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ عمیمہ سہیل اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک بھارتی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل نویں آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم قومی خواتین کرکٹ ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہیں۔
پاکستان کو پہلا نقصان ایک رنز پر ہی اٹھانا پڑا جب گل فیروزہ بغیر کوئی رن بنائے رینوکا سنگھ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئیں۔ اس طرح پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔
قومی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 105 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی طرف سے ندار ڈار نے 28 اور منیبہ علی نے 17 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔ اب پاکستان ویمنز ٹیم کا اگلا مقابلہ 11 اکتوبر کو آسٹریلیا سے ہو گا۔