بھارت سے پاکستان آنے والی انجو کی آمد اور پھر دیربالا کے رہائشی نوجوان سے شادی کا قصہ ابھی تازہ ہی ہے کہ اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے ضلع سیکر سے تعلق رکھنے والی ایک نابالغ لڑکی جمعہ 28 جولائی کو جے پور ہوائی اڈے پر پہنچی اور دعویٰ کیا کہ وہ اپنے عاشق سے ملنے کے لیے پاکستان جانا چاہتی ہے۔
جے پور ائرپورٹ کے حکام نے پاکستان جانے کی خواہشمند لڑکی کے پاس کوئی پاسپورٹ ، ویزا یا کوئی اور سفری دستاویز نہ ملنے پر اسے پولیس کے حوالے کردیا۔
تاہم پولیس کی حراست میں جب لڑکی کی سامنا اس کے والدین سے ہوا تو اس نے انکشاف کیا یہ کہ سب ڈرامہ اس نے توجہ حاصل کرنے کیلئے کیا تھا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق حکام نے اس حوالے سے بتایا کہ، ’کل جے پور ہوائی اڈے پر ایک نابالغ لڑکی کو حراست میں لیا گیا تھا جس سے پوچھ گچھ پر علم ہوا کہ اپنے عاشق سے ملنے کے لیے لاہور جانا چاہتی تھی۔ سب حیران رہ گئے جب لڑکی نے ہٹکٹ کاؤنٹر پر پہنچ کر پاکستان کا ٹکٹ مانگا‘۔
انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر کہ وہ کم عمرہے ٹکٹ ماسٹر اور سیکورٹی گارڈ کو لگا کہ وہ مذاق کر رہی ہے۔
حکام کو قائل کرنے کے لیے لڑکی نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اسے ایک پاکستانی لڑکے نے بتایا تھا کہ ائرپورٹ پر حکام سے کیسے نمٹنا ہے اور انکوائری کے دوران کچھ چیزوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے۔
لڑکی نے ایک فرضی کہانی بنائی کہ وہ 3 سال قبل اسلام آباد سے بھارت آئی تھی اور اپنی خالہ کے ساتھ رہ رہی تھی۔ لڑکی کا کہنا تھا کہ اب اس کے خالہ کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ہیں تو وہ پاکستان واپس جانا چاہتی ہیں۔
ائرپورٹ حکام کے مطابق، ’لڑکی کی باتیں سن کر سکیورٹی گارڈ دنگ رہ گئے۔ جانچ کے دوران پتہ چلا کہ وہ راجستھان کے سیکر ضلع کے رتن پورہ گاؤں کی رہنے والی ہے‘۔