پاکستان ریلوے کی آمدن تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،عیدسپیشل ٹرینوں کی 100 فیصد بکنگ مکمل پاکستان ریلوے نے 9 ماہ میں 66 ارب روپے کما لئے۔ عیدالفطر کے موقع پر ٹرینوں کے بلاتعطل آپریشن کیلئے 15 لاکھ لیٹر ڈیزل بھی خرید لیا گیا

پاکستان ریلوے نے اپنی آمدن کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم کر لیا ہے اور اس وقت ریلوے کی آمدن تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔پاکستان ریلوے نے 9 ماہ میں 66 ارب روپے کما لئے۔ عیدالفطر کے موقع پر ٹرینوں کے بلاتعطل آپریشن کیلئے 15 لاکھ لیٹر ڈیزل بھی خرید لیا گیا ہے۔سی ای او پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان ریلوے کی آمدن 80 ارب روپے سے زیادہ ہونے کے امکانات ہیں جب کہ محکمے کے پاس 10 روز کا ڈیزل اسٹاک بھی موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے پر اعتماد کرنے پر مسافروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔پاکستان ریلوے کے ترجمان اعجاز شاہ کے مطابق پاکستان ریلوے انتظامیہ نے عید کی اسپیشل ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ مسافروں کی ڈیمانڈ کے پیشِ نظر کیا گیا۔ریلوے نے ملازمین کی 10 اپریل کو واجب الادا تنخواہ بھی 5 روز قبل ہی بینکوں میں بھجوا دی ہے جب کہ اس سے قبل تنخواہیں تین تین ہفتے تاخیر کا شکار تھیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان ریلوے کے سی ای او عامر بلوچ کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کی انتھک محنت سے آمدن 60 ارب تک پہنچ گئی تھی اب ریلوے ملازمین کی تنخواہیں بر وقت ملا کریں گی،پاکستان ریلویز نے رواں ماہ ملنے والی تنخواہوں کی مکمل ادائیگی کر دی گئی تھی۔سی ای اوپاکستان ریلوے عامر بلوچ نے مزید کہا تھاکہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر بھی ختم کر دی گئی۔

کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی تین ہفتے تک تاخیر کا شکار تھی۔مشکل وقت میں ساتھ دینے پر اپنے ورکرز کا شکر گزار ہوں۔ مسافروں کا ریلوے پر اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ ریلوے اپنے ملازمین کو پانچ مراحل میں تنخواہیں ادا کرتا ہے جوکہ ہر ماہ کی یکم، پانچ، 10، 15 اور 25 تاریخ کو ادا کی جاتی ہیں۔ تنخواہوں کے چیک اب انہی تاریخوں میں بینک جایا کریں گے۔سی ای او ریلوے عامر بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ عید تک ٹرینوں میں بکنگ بھی 100 فیصد ہوگئی، مسافروں کی سہولت کیلئے عید پر چار اسپیشل ٹرینیں چلا رہے ہیں۔عوام الناس کے سہولت کیلئے 4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں