وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے،سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہروں لاہور، نارووال اورسیالکوٹ میں متوقع ہے۔
اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دیگر صوبوں کو بھی موسلادھار سے درمیانی بارش کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات والے شہروں اور میونسپل علاقوں کے لیے شہری سیلاب کے الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مربوط تیاری اور فعال ردعمل جانوں کو بچاتا ہے، اس لیے متاثرہ علاقوں میں تمام رسپانس ٹیموں، عوامی اور این جی اوز دونوں کو چوکس، تیار رہنے کی ضرورت ہے۔