واشنگٹن امریکی رکن کانگریس لنڈا سانچز نے پاکستان میں سیاسی کشیدگی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی کارکنان کے خلاف تشدد پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن سیاسی اجتماع عوام کا حق ہے اور انہیں یہ حق دیا جائے۔ لنڈا سانچز نے رہنما امریکی ڈیموکریٹک پارٹی آصف محمود کے ہمراہ اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور پاکستان میں دوطرفہ تعلقات بہت اہم ہیں اور انہی تعلقات کی بنیاد اسٹریٹیجک شراکت داری ہے۔
رکن کانگریس نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی محاذ آرائی اور سیاسی کارکنان کے خلاف تشدد پر تشویش ہے، پاکستان میں جمہوری عمل و آئینی عمل کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بات چیت سے سیاسی مسائل کا حل نکالا جائے، قانون پر عمل درآمد، آزادی اظہار رائے اور انسانی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرامن سیاسی اجتماع عوام کا حق ہے اور انہیں یہ حق دیا جائے۔
دوسری جانب دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بطورپُرعزم قوم مشکل صورت حال سے نکلیں گے، پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کسی سے مشورے کی ضرورت نہیں۔ گزشتہ روز زلمے خلیل زاد نے بیان دیا تھاکہ عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان کا سیاسی بحران مزید گہرا ہو گا، خرابی کو روکنے کے لیے جون کے اوائل میں قومی انتخابات کے لیے ایک تاریخ مقرر کریں، جو پارٹی الیکشن جیتے گی اسے عوام کا مینڈیٹ حاصل ہو گا کہ کیا کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ زلمے خلیل زاد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی برائےافغان امن عمل رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا زمان پارک میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر ردِعمل سامنے آیا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پولیس صبر سے کام لے رہی ہے کہ جان نقصان نہ ہو ورنہ گرفتاری مشکل نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی خواہش ہے جانی نقصان ہو تاکہ وہ لاشوں پر سیاست کرے۔عزت آبرو والا شخص ہو تو جرات کرے باہر نکلے اور گرفتار ہو۔ ہمت اور دلیری نواز شریف سے ادھار مانگ لے جو لندن سے گرفتاری دینے آ گیا تھا۔