’پاکستان کے بہترین ہسپتال سندھ میں ہیں‘ بلاول نے وزیراعظم کو دورہ کروانے کی ہدایت کردی

ویسے ہی آپ نے سنا ہوگا سندھ حکومت کے بارے میں کہ ہم کچھ نہیں کرتے، میگا پراجیکٹس نہیں کرتے لیکن بولنے سے زیادہ ہمارا کام نظر آتا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کراچی میں تقریب سے خطاب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے بہترین ہسپتال سندھ میں ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو دورہ کروائیں۔ کراچی میں جناح ہسپتال کے سائبر نائف یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں جو ہمارے تین ہسپتال ہیں، جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ پاکستان کے بہترین ہسپتالوں کی نمائندگی کرتے ہیں لیکن ہمارے میڈیا میں منفی خبریں چلتی ہیں اور پاکستان کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر بھی منفی خبریں چلتی ہیں۔

سابق وزیر خارنہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اگر کوئی اچھی خبر ہے تو وہ ہمارے تین قومی ادارے ہیں، یہ تین ہسپتال گوڈ گورننس کی مثال ہیں اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی اعلیٰ مثال ہے، 2011ء کے بعد صوبائی حکومت کو ان ہسپتالوں کو چلانے کی ذمہ داری ملی، ویسے ہی آپ نے سنا ہوگا سندھ حکومت کے بارے میں کہ ہم کچھ نہیں کرتے، میگا پراجیکٹس نہیں کرتے لیکن بولنے سے زیادہ ہمارا کام نظر آتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ ہم نے پوری دنیا کا سب سے بڑا دل کے علاج کا ہسپتال کراچی میں بنایا، این آئی سی ایچ کے ذریعے ہم بچوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، صوبہ سندھ کا کاروباری طبقہ پورے ملک میں چیریٹی میں صف اول کی خدمات انجام دیتے ہیں، سائبر نائف مشین کے ایک ٹریٹمنٹ کے لیے 1 ہزار ڈالر خرچ کیے جاتے ہیں، آج ہم نے شہر میں تیسری سائبر نائف مشین شروع کروائی ہے جس سے مفت علاج کروایا جائے گا، پوری دنیا میں ایسا کہیں بھی نہیں ہوتا، اس سے کینسر کا مفت علاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جے پی ایم سی کا کینسر کے علاج کا ڈیپارٹمنٹ دنیا کے ٹاپ ٹین کینسر کے علاج کے ڈیپارٹمنٹ میں شامل ہے، ہم اپنے ملک کے عوام کو جو معیاری علاج دلوا رہے ہیں وہ ہم آپ سب کی وجہ سے دلوا رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری کامیابی ہے کہ صرف جے پی ایم سی میں کینسر کے ڈیپارٹمنٹ میں 167 شہروں سے لوگ علاج کے لیے آتے ہیں اور 15 ممالک سے بھی شہری یہاں آتے ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں