کراچی پاک سوزوکی موٹرز نے اپنے موٹر سائیکل پلانٹ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق ترجمان پاک سوزوکی نے کہا ہے کہ آٹوسیکٹر میں درآمد پر لگی پابندیوں کے باعث کمپنی کو انونٹری کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاک سوزوکی کمپنی نے موٹر سائیکل پلانٹس 16 روز کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ترجمان پاک سوزوکی کے مطابق پلانٹس انونٹری میں کمی کی وجہ سے بند کیا جارہا ہے،موٹرسائیکل پلانٹ 31 جولائی سے 15 اگست تک بند رہیں گےجبکہ آٹوموبائل پلانٹ آپریٹ جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 19 جون کو پاک سوزوکی کمپنی نے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کا پلانٹ عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس وقت بھی پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنے والی سوزوکی کمپنی انتظامیہ نے خام مال کی عدم دستیابی اور کمی کو اپنا پلانٹ عارضی طور پر بند کرنے کی وجہ قرار دیا تھا۔
پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کا پلانٹ 22 جون سے 8 جولائی تک عارضی طور پر بند کیے گیے تھے، پاک سوزوکی کمپنی نے اس حوالے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا۔