پنجاب اسمبلی کے 4 آزاد ارکان اسمبلی نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق پنجاب اسمبلی کے 4 آزاد ارکان اسمبلی نے صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی، جس میں آئندہ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چاروں ارکان نے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
پی پی 284 تونسہ سے حافظ طاہر قیصرانی ، پی پی 270 مظفر گڑھ سے زاہد اسماعیل بھٹہ، پی پی 296راجن پور سے اویس دریشک اور پی پی 91 بھکر سے غضنفر عباس استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں، آئی پی پی میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی نے علیم خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کو مضبوط معاشی پالیسی اور استحکام دینا اشد ضروری ہے، غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے عوام کو فوری ریلیف دینا ہوگا۔
اس موقع پر آزاد ارکان نے کہا کہ ملکی صورتحال میں مضبوط حکومت کا بننا حالات کا تقاضا ہے۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب مزید 6 آزاد ارکان نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ ان آزاد ارکان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور وزیر اعلی پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف سے ملاقات میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
پی پی 132 ننکانہ سے سلطان باجوہ، پی پی 225 لودھراں سے شازیہ ترین، پی پی 289 ڈیرہ غازی خان سے محمود قادر لغاری، پی پی 288 ڈیرہ غازی خان سے حنیف پتافی، پی پی 94 چنیوٹ سے تیمور لالی اور پی پی 283 لیہ سے علی اصغر گورمانی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مریم نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے شکریہ ادا کیا اور ان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔