پنجاب میں ڈبل روٹی کی قیمتوں میں نمایاں کمی‘ نوٹیفکیشن جاری 750 گرام کی بڑی ڈبل روٹی کی نئی قیمت 180 روپے مقرر کردی گئی

صوبہ پنجاب میں ڈبل روٹی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 750 گرام کی بڑی ڈبل روٹی کی قیمت 240 روپے سے کم کر کے 180 روپے مقرر کردی گئی، اسی طرح 400 گرام کی چھوٹی ڈبل روٹی کا نیا ریٹ 130 روپے سے کم کر کے 95 روپے مقرر کیا گیا ہے، نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کا اطلاق فوری ہوگا اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ میدہ سستا ہونے کے بعد رس 450 روپے کلو ہوں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ پنجاب کے وزیرِ خوراک بلال یاسین نے بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر اجلاس طلب کیا، بلال یاسین کی زیرِ صدارت اجلاس میں سیکریٹری خوراک، ڈی جی فوڈ اتھارٹی، ڈی جی انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر، بیکری ایسوسی ایشن اور مختلف برانڈز کے نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ 2 ماہ میں گندم، آٹے اور میدے کی قیمتوں میں 30 سے 48 فیصد تک کمی ہوئی ہے، اس لیے ڈبل روٹی، رسک اور بن کی قیمتوں میں کمی کی جائے، جس طرح روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کرائی، اسی طرح بیکری مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہوں گی، پنجاب بھر میں انتظامیہ کم قیمتوں پر بیکری مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائے گی

اسی حوالے سے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی لاکر عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے، ہ روٹی سمیت دیگر اشیا کے نرخ میں مزید کمی ہوگی، پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے اچھے دن آ رہے ہیں، یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مسلم لیگ ن کی حکومت پر بیرونی اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت ہے، مثبت معاشی عشاریے پاکستان کیلئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں، پاکستان سٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈز قائم کر رہی ہے، سٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس کا مثبت رحجان خوش آئند ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں