چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں کینٹینرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عبوری ضمانت کیلئے انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج عوام رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں گے،میں آج جلسے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا،آج لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ہمارے جلسے کو ناکام بنانے کیلئے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہر حربہ استعمال کر کے ظلم کر رہے ہیں،آج لاہور کے عوام نکلیں گے اور تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا،اس ملک کی آزادی کو انہوں نے بالکل ختم کر دیا ہے،ظلم اور تشدد کیخلاف آج ردِعمل آئے گا۔
عمران خان سے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں خصوصی گفتگو: #حقیقی_آزادی_جلسہ
pic.twitter.com/F3OHBrbYNL— PTI (@PTIofficial) March 25, 2023
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج جلسے میں عوام کے سامنے ساری صورتحال رکھوں گا،لوگ آٹے کیلئے قطاروں میں جان کی بازی ہار رہے ہیں،جلسے میں بتاؤں گا کہ اس قوم کو کیسے دلدل سے نکالیں گے،حقیقی آزادی کی جنگ کیلئے قربانیاں دینا پڑیں گی۔
یاد رہے کہ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کی تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔عدالت نے عمران خان کی 4 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کی۔انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ عمران خان نے لاہور میں درج 3 مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔عمران خان کے وکیل نے انسداد دہشت گردی عدالت میں عبوری ضمانتوں کیلئے درخواستیں دائر کیں، درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقدمات میں شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں،گرفتاری کا خدشہ ہے لٰہذا عدالت ضمانت منظور کرے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف تھانے ریس کورس میں 3 مقدمات درج ہیں۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانے ریس کورس میں درج مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور حماد اظہر کی ضمانت خارج کی،انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس پر تشدد،جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کیس کی سماعت ہوئی،فواد چوہدری اور حماد اظہر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے پیش نہ ہونے پر درخواست ضمانت خارج کر دی،فواد چوہدری اور حماد اظہر نے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں کروائے۔