پٹرول اور ڈالر سستا ہونے کے بعد آٹا بھی سستا ہو گیا چکی آٹا کی فی کلو قیمت میں 20 روپے تک کمی کردی گئی، فی کلو قیمت 150 روپے مقرر

  پٹرول اور ڈالر سستا ہونے کے بعد آٹا بھی سستا ہو گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد لاہور میں چکی آٹا کی فی کلو قیمت میں 20 روپے تک کمی کردی گئی۔چکی آٹے کی فی کلو قیمت 150 روپے مقرر کی گئی ہے۔اوپن مارکیٹ میں بھی گندم کی فی من قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 4300 روپے مقرر کی گئی ہے ۔

چکی آنرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت کم ہوگی تو آٹے کا ریٹ بھی کم ہوگا۔جب کہ ق حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی قیمت میں 68 روپے تک کی کمی کردی ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج سے ہو گا، گھی کی فی کلو قیمت میں 68 روپے تک کمی کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی برانڈڈ گھی کی قیمت میں 69 روپے فی کلو کی کمی کی گئی تھی جبکہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی 18 روپے سے لیکر 76 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پانچ بنیادی اشیاء پر وفاقی حکومت کی خصوصی سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے۔خیال رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جون کے پہلے 15 ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔ وزیر خزانہ نے پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ اسپیڈ ڈیزل سستا کرنے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خزانہ کے اعلان کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 8 روپے کمی سے 262 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 5 روپے کمی سے 253 روپے مقرر کر دی گئی۔ لائٹ اسپیڈ ڈیزل بھی 5 روپے سستا کر دیا گیا جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں