پیمرا ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، الیکشن کمیشن

قومی میڈیا کیلئے جاری ضابطہ اخلاق پر پابندی سے متعلق الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیمرا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، میڈیا کوآگاہ کرے خودمختاری اور سلامتی کیخلاف کوئی مواد نشر نہ کیا جائے،عدلیہ کی آزادی اور قومی اداروں کے خلاف کسی قسم کا مواد نشر نہ کیا جائے۔

قومی یکجہتی کیخلاف کوئی الزام یا بیان الیکٹرانک، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر نشر نہ کیا جائے،ایسا مواد نشر نہ کیا جائے جس سے پولنگ کے دوران یا بعد میں امن و امان کے حالات خراب ہوں،الیکشن کے دن انتخابات سے متعلق پولنگ ا سٹیشنز پر کسی قسم کا سروے نہ کیا جائے۔

الیکشن ڈے پر پیمرا یقینی بنائے کسی قسم کی فیک نیوز نشر نہ کی جائیں،پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج نشر کیے جاسکتے ہیں،پولنگ کے دوران یقینی بنایا جائے کہ میڈیا انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ 8 فروری کو پولنگ اسٹیشنز کے400 میٹر حدود میں الیکشن مہم چلانے پر پابندی ہوگی،ووٹرز کو ووٹ دینے کیلئے قائل کرنا، امیدوار کی مہم چلانے پر پابندی ہوگی۔

پولنگ اسٹیشن کی حدود کے 100 میٹر کے اندر جھنڈے، بینرز لگانے پر پابندی ہوگی،دیہی اورشہری علاقوں میں 100 میٹر کے فاصلے پر کیمپ لگائے جاسکیں گے۔

ڈی آر اوز، آر اوزاور پولیس انتظامیہ الیکشن کمیشن احکامات پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہوگی،خلاف ورزی کی صورت میں الیکشن کمیشن سخت کارروائی کرے گا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں