قومی ایئرلائن پی آئی اے نے عیدالفطر کے موقع پر کرایوں میں10 فیصد کمی کا اعلان کردیا، اندرون ملک سفر کرنے والے مسافر رعایتی اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے نے مسافروں کی عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے عیدالفطر کے موقع پر کرایوں میں10 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت اندرون ملک سفر کرنے والے مسافر رعایتی اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا اعلان عید کے 2 دن کیلئے کیا گیا ہے۔ اندرون ملک سفر کرنے والے مسافر 22 اور 23 اپریل تک رعایتی اسکیم سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان ریلوے نے عید الفطر کے موقع پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیاہے۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق عید منانے آبائی علاقے جانے والے مسافروں کے لیے 18 اپریل 2023 سے یہ خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
ترجمان پاکستان ریلوے نے بتایا ہے کہ پہلی عید اسپیشل ٹرین 18 اپریل کو کراچی تا پشاور، جبکہ دوسری ٹرین بھی اسی روز کوئٹہ تا راولپنڈی چلائی جائے گی۔ تیسری عید اسپیشل ٹرین 19 اپریل کو کراچی تا لاہور، چوتھی ٹرین 26 اپریل کو راولپنڈی تا کوئٹہ جبکہ پانچویں ٹرین 27 اپریل کو لاہور تا کراچی چلائی جائے گی۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الطفر پر نئے نوٹ جاری نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایک اعلان میں کہا گیا کہ عید پر نئے نوٹ جاری نہیں ہوں گے۔ مرکزی بینک کے مطابق نئے نوٹ ایس ایم ایس کے ذریعے جاری کیے جاتے تھے۔اسٹیٹ بینک نے گذشتہ سال بھی نئے نوٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ عید الفطر کے موقع پر اسٹیٹ بینک یا ملک کے پرائیویٹ بینکوں کی جانب سے شہریوں کو نئے کرنسی نوٹ فراہم نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے عید کے موقع پر اپنے پیاروں کو نئے نوٹوں کی عیدی دینے کی روایت برقرار رکھنے کے لیے ملک بھر کے شہری کرنسی مافیاز کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہو گئے تھے۔
نئے نوٹ جاری نہ کرنے کے باعث مارکیٹ میں دس روپے ، بیس روپے ، پچاس روپے ، سو روپے ، پانچ سو روپے ، ایک ہزار روپے والے نئے کرنسی کے نوٹوں کی گڈی بلیک میں فروخت ہونا شروع ہو گئی تھی۔