جناح اسپتال کی سابقہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی انتقال کر گئیں.
خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سیمی جمالی گزشتہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔
ڈاکٹر سیمی جمالی نے 1986 میں نواب شاہ سے ایم بی بی ایس پاس کیا،1994میں تھائی لینڈ سے ماسٹر آف پبلک ہیلتھ کی ڈگری حاصل کی۔
امریکہ سے پوسٹ ڈاکٹر فیلو 2011 میں کیا،2016سے2021 تک وہ جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہیں۔طب کے شعبے سے ان کی وابستگی1986 میں ہوئی۔
ڈاکٹر سیمی جمالی نےسول اسپتال کراچی میں ہاؤس جاب کی،1987میں قومی امراض قلب میں کارڈیک سرجری یونٹ کی رجسٹرار رہیں،1988میں جناح اسپتال میں میڈیکل آفیسر مقرر ہوئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی ایک بہادر اور مضبوط خاتون تھیں،
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھی ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا انتقال شعبہ صحت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے،ڈاکٹر سیمی جمالی کی کرونا وبا کے دوران خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔