کئی روز سے سونے کے نرخ جاری نہ کیے جانے کی وجہ سامنے آ گئی ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت12 ستمبر کے جاری کیے گے نرخ پر تاحال برقرار، نئے ہفتے کے آغاز پر بھی نئی قیمتوں کا اعلان نہ ہو سکا

لاہور  کئی روز سے سونے کے نرخ جاری نہ کیے جانے کی وجہ سامنے آ گئی، ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت12 ستمبر کے جاری کیے گے نرخ پر تاحال برقرار، نئے ہفتے کے آغاز پر بھی نئی قیمتوں کا اعلان نہ ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سونے کے اسمگلروں اور سٹے بازوں کیخلاف جاری کریک ڈائون کے باعث صرافہ مارکیٹ کے عہدیداران نے گزشتہ6 دن سے سونے کا بھائو ہی نہیں کھولا۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت12 ستمبر کے جاری کیے گے نرخ پر تاحال برقرار ہے۔ذرائع کے مطابق صرافہ مارکیٹ کے سٹے باز قانون کے شکنجے میں آگئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گولڈ اسمگلروں کیخلاف کریک ڈان جاری ہے، اب سونے کی قیمت میں سٹہ اور اسمگلنگ نہیں ہوسکے گی۔

گولڈ ڈیلرز پرانے ریٹ پر سونے کی قیمتوں پر نفع کمانے میں مصروف ہیں، ملک بھر میں سونے کی نئی قیمتوں کے اعلان کے لیے آج کا دن دیا گیا تھا لیکن صرافہ بازار سے گولڈ کا نیا ریٹ آج بھی جاری نہیں کیا جاسکا۔

صدر آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن ہارون چاند نے پیر سے ریٹ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔گولڈ ٹریڈرز نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس بات کی یقین دہائی کرادی گئی ہے کہ اب سونے کی قیمتوں میں سٹہ نہیں ہوگا ،ہارون چاند نے کہا کہ سونے کی قیمتوں کو شفاف بنانے کیلئے اداروں سے رابطے میں ہیں، نئی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ اور ملکی قوانین کے عین مطابق ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ سونے کی قیمت کو مستقبل میں ڈیجیٹل کرنے کے طریقے پر غور کیا جارہا ہے صرافہ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں فی تولہ سونا 12ستمبر کے پرانے نرخ 2لاکھ 15ہزار روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ ملک میں رواں ماہ کے آغاز میں سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ صرف ایک ہفتے میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 30 ہزار روپے سے زائد کمی ہو گئی تھی۔ تاہم سونے کے نرخ منجمد ہونے سے قبل آخری 2 کاروباری ایام میں سونے کی قیمت میں دوبارہ 6 ہزار روپے سے زائد اضافہ ہو گیا تھا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں