جھوٹ اور خدمت کی سیاست میں فرق ہوتا ہے، بھیڑ بکریوں کی طرح جو ان کے پیچھے چل پڑتے ہیں ان سے 50 لاکھ گھروں کا حساب تو لو، ایسے عناصر کو سختی سے ڈیل کرنا چاہیئے۔ تقریب سے خطاب
مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ میں بنی گالہ گیا اور ملک کی خدمت کی دعوت دی، مجھے ٹھیک ٹھیک کہہ کر لندن گئے اور آکر دھرنا دے دیا، دھرنے کی سیاست نے ملک کواس نہج پر پہنچایا، کہا گیا نوازشریف کی گردن میں رسہ ڈال کرنکالوں گا، کہتے تھے او آئی جی، او چیف سیکرٹری جیل میں ڈالوں گا، کارکردگی صفر ماردھاڑ نمبرون ہے، بڑے بڑے بول نہ بولا کرو، جیسا کروگے ویسا بھروگے۔
لاہور میں ’اپنی چھت اپنا گھر‘ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے پیسے ہیں جو عوام پر خرچ کیے جارہے ہیں، کار خیر میں حصہ ڈالنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس پروگرام کے آغاز پر بہت خوشی ہورہی ہے، مریم نواز نے پنجاب میں اچھا پروگرام شروع کیا، اسی طرح ملک میں اگر عوامی حکومتوں کو کام کرنے دیا جاتا تو آج کوئی بے گھر نہ ہوتا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ لوگوں کے پاس زمین کے چھوٹے سے ٹکڑے کو بنانے کیلئے پیسے نہیں ہوتے، سیکریٹری ہاؤسنگ نے ہمیں جو تفصیل بتائی ہے اس سے میں بہت متاثر ہوا ہوں اور میں سمجھتا ہوں یہ منصوبہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہونے کی بہترین مثال ہے، کتنی اچھی بات ہے کہ قرض بھی دیا جا رہا ہے اور ایک پیسے کا سود بھی وصول نہیں کیا جا رہا، اسی طرح اب ہم سولر پینلز کی سکیم شروع کررہے ہیں تاکہ بجلی کی بندش کا جھنجٹ ہی ختم ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کچھ بھی نہیں وہاں سے لوگ یہاں علاج کیلئے آتے ہیں، وہاں کارکردگی صفر اور ماردھاڑ نمبرون ہے، کیا تم پنجاب اور خیبرپختونخوا کی لڑائی اور خون خرابہ کرانا چاہتے ہو؟ جیسا کروگے ویسا بھرو گے، جھوٹ اور خدمت کی سیاست میں فرق ہوتا ہے، کیا کبھی جیل سے یہ ہدایت ملی کہ اپنا گھر سکیم کے پی میں شروع کریں؟ بھیڑ بکریوں کی طرح جو ان کے پیچھے چل پڑتے ہیں ان سے 50 لاکھ گھروں کا حساب تو لو، ثاقب نثار کی آڈیو آج بھی میرے پاس موجود ہے جس میں وہ کہتے ہیں ہم نے نواز شریف کو نکالنا اور عمران خان کو لانا ہے، یہ بھیڑ بکریاں وہ آڈیو سن لیں تو عمران خان کی حمایت نہیں کریں گی۔
نواز شریف کہتے ہیں کہ میں بنی گالہ گیا اور ملک کی خدمت کی دعوت دی تھی، مجھے ٹھیک ٹھیک کہہ کر لندن گئے اور آکر دھرنا دے دیا، جب یہ چار ماہ دھرنا دے کر بیٹھے تھے تو ملٹری سیکریٹری نے کہا کہ باہر شور شرابہ ہے آپ یہاں سے ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر لاہور یا کہیں اور چلے جائیں ، میں نے کہا کہ کیا بات کر رہے ہو میں ایسے حالات میں یہاں سے چلا جاؤں، ایسے عناصر کو سختی سے ڈیل کرنا چاہیئے۔