کاشتکاروں کیلئے بڑی خوشخبری، وزیراعلی نے زرعی ٹیوب ویل سولررائزیشن پراجیکٹ کی منظوری دیدی

25 ایکڑ اراضی کے مالک پراجیکٹ کے اہل ہوں گے، کاشتکار کوصرف 33فیصد ادائیگی کرنا ہوگی، 67فیصد ادائیگی حکومت کریگی، ڈیزل مہنگی بجلی سے چھٹکارا ملنے پر فصل کی لاگت کم آئیگی، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف

کاشتکارو ں کے لئے بڑی خوشخبری،کسانوں کو بجلی کے بھاری بلوں اور ڈیزل کے اخراجات سے نجات دلانے کے  عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے زرعی ٹیوب ویل سولررائزیشن پراجیکٹ کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں زرعی ٹیوب ویل کی سولر رائزیشن پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 25 ایکڑ اراضی کے مالک کاشتکار زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پراجیکٹ کے اہل ہوں گے، سولررائزیشن پراجیکٹ کے لئے کاشتکار کو صرف 33فیصدادائیگی کرنا ہو گی، زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پراجیکٹ کی67 فیصد ادائیگی حکومت کرے گی – پہلے مرحلے میں 7 ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل کئے جائیں گے – وفاقی حکومت کے اشتراک سے دوسرے مرحلے میں مزید 10ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل ہوں گے- ڈیزل سے ٹیوب ویل چلانے پر فی ایکڑ اخراجات 3ہزار، بجلی سے 1500روپے خرچ ہوتے ہیں – سولر انرجی سے ایک ایکڑ کی آبپاشی پر صرف 50 روپے خرچ ہوں گے۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے ویجیٹبل فارمرزکے لئے بھی خصوصی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلی مریم نوازشریف نے ٹماٹر، پیاز سمیت دیگر ضروری سبزیوں کی سپلائی مینجمنٹ کا پائیدار سسٹم وضع کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں گے، سولر پینل دیں گے۔ ڈیزل اورمہنگی بجلی سے چھٹکارا ملنے پر فصل کی لاگت میں کمی آئے گی۔ کسان خوشحال ہوگا تو پنجاب خوشحال ہوگا۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری زراعت اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں