کراچی: سندھ ہائیکورٹ کا الآصف اسکوائر تا ٹول پلازہ تجاوزات کے خاتمے کا حکم تجاوزات ختم کرکے سروس روڈ، گرین بیلٹ پر فوری بیوٹیفکیشن کی جائے، تحریری حکم نامہ جاری

کراچی میں الآصف اسکوائر ، ایم نائن کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے کیس میں جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

سندھ ہائی کورٹ کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایک ہفتے میں الآصف اسکوائر کے اطراف سے تمام تجاوزات ختم کروائے۔ الآصف اسکوائر سے ٹول پلازہ تک تجاوزات ایک ماہ میں ختم کروائی جائیں۔

تحریری حکم میں مزید کہا گیا کہ رینجرز اور پولیس تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ کی مکمل مدد کریں، رینجرز اور پولیس انتظامیہ کو مطلوبہ نفری بھی فراہم کریں، تجاوزات ختم کرکے سروس روڈ، گرین بیلٹ پر فوری بیوٹیفکیشن کی جائے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ این ایچ اے، ایف ڈبلیو او علاقہ تحول میں لے کر ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کرائیں۔

ڈپٹی کمشنر ایسٹ، ڈی جی رینجرز ، ایس ایس پی ویسٹ ، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کو عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 جنوری 2024 تک ملتوی کردی۔

حکم نامے میں بتایا گیا کہ ڈی سی ایسٹ کا عدالت میں کہنا تھا کہ تجاوزات ہٹانے پر قابضین فوری دوبارہ تجاوزات قائم کر لیتے ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں