کراچی میں جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ، 70 افراد زخمی

ہوائی فائرنگ میں ملوث پولیس افسر سمیت 13 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے 70 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 70 افراد زخمی ہوگئے، ہوائی فائرنگ میں ملوث پولیس افسر سمیت 13 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ پولیس کی جانب سے یہ کارروائیاں ضلع کیماڑی، سٹی اور ایسٹ تھانوں کی حدود میں کی گئیں، اس دوران حراست میں لیے جانے والے ملزمان میں سی ٹی ڈی افسر اے ایس آئی دانیال، محمد واجد، عبد اللہ، انس، بلال رضا، عبدالرحمان، حارث، شاہ زیب، محمد رفیق، محمد عادل، شعبان اور حارث اقبال شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا اور مقدمات درج کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں پاکستان کا 78 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہاہے ، دن کاآغاز نماز فجر میں ملکی ترقی اور یکجہتی کی خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی،جشن آزادی کے موقع پر سرکاری و دیگر اہم عمارتوں کو بھی جشن آزادی کی مناسبت سے برقی قمقموں کے ساتھ سجایا گیا ہے، دن کا اغاز وطن عزیز کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اولپک چیمپئن ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔

اسی طرح صوبائی دارالحکومتوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب جاری ہیں، جشن آزادی کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار اور مزار قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں، یوم آزادی کے دن بابائے قوم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پ±روقار تقریب منعقد کی گئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض کی ذمہ داری سنبھال لی ، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس ہر سال 14 اگست کو یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں، گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈورمحمد خالد تھے جبکہ پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر احمد حسن تمغہ بسالت نے سر انجام دیئے، بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں، اعزازی گارڈز ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز پر مشتمل ہے، جب کہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں