متوفیہ کی شناخت جویریہ کے نام سے ہوئی جبکہ کاشف اس کا بہنوئی ہے
گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کار سے لڑکی کی لاش اور ایک شخص کے بے ہوشی کی حالت میں پائے جانے کا معمہ حل ہوگیا ہے، بے ہوش شخص نے ہوش میں آںے پر پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز ڈیفنس فیز ٹو میں واقع ایک گیراج میں کھڑی کار سے لڑکی لاش ملی تھی جبکہ کار میں کاشف نامی شخص بھی بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت جویریہ کے نام سے ہوئی جبکہ کاشف اس کا بہنوئی ہے۔
ایس پی کلفٹن ماجدہ پروین کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پولیس کو کار سے کوئی نشہ آور چیز نہیں ملی، بظاہر یہی لگتا ہے کہ واقعہ بند کار میں کاربن مونوآکسائیڈ بھرنے کے باعث پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد لڑکی کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے، لڑکی کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے تاہم گیراج کو سیل کردیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی:ڈیفنس کے گیراج میں کھڑی گاڑی سے خاتون کی لاش اورایک شخص کے بیہوشی کی حالت میں ملنے کا واقعہ
پولیس نے ہوش بحال ہونے پر کاشف کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے، پولیس کے مطابق کاشف نے بتایا کہ سالی جویریہ کے ساتھ اس کی دوستی کچھ ماہ سے چل رہی تھی۔
کاشف نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز صبح 8 بجے جویریہ کو گھر کے باہر سے پک کیا اور کار اپنے گیراج میں لے آیا، اسٹارٹ گاڑی کی پچھلی سیٹ پر جویریہ کے ساتھ موجود تھا، کچھ دیر میں دھواں بھر گیا، ہم باہر نکلے تو بے ہوش ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ اہلِ خانہ کی درخواست پر درج کیا جائے گا۔