ہدایتکار ابو علیحہ کا سندھی زبان میں فیچر فلم بنانے کا اعلان آخری بار 1997 میں سندھی زبان میں فلم ریلیز کی گئی تھی

پاکستانی ہدایتکار ابو علیحہ نے سندھی زبان میں فیچر فلم ’بھوپو‘ بنانے کا اعلان کر دیا۔

ہدایتکار ابو علیحہ کا کہنا ہے کہ 26 سالوں بعد سندھی زبان میں کوئی فلم بننے جارہی ہے آخری بار 1997 میں سندھی زبان میں فلم ریلیز کی گئی تھی۔

ہدایتکار نے ٹوئٹر پیغام میں فلم کے حوالے سے بتایا کہ انہیں تھرپارکر کی ریکی کے دوران احساس ہوا کہ اردو یا کسی اور زبان میں یہاں کی کہانی نہیں بتائی جاسکتی۔ اسے مقامی سندھی اور تھری زبان میں ہی بتانا ہوگا۔

ابو علیحہ نے بتایا کہ انہوں نے کہانی کا اسکرپٹ سندھی میں ترجمہ کروایا اور اب وہ فلم ”بھوپو“ کو سندھی میں بنارہے ہیں تاہم وہ بعد میں اس فلم کو اردو میں ضرور ڈب کریں گے۔

اس فیچر فلم میں تھرپارکر کے بھوپا قبیلے کی کہانی کو فلمایا جائے گا جس کیلئے انہوں نے ایک ایکٹنگ کوچ بھی رکھا ہے تاکہ مقامی لوگ جو فلم کی کہانی کا حصہ بن رہے ہیں ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کو بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نرملا نے 2 گانے بھی ریکارڈ کروائے ہیں جو فلم کا حصہ ہوں گے۔

ابو علیحہ اس سے قبل کتاکشا، دادل ، سپر پنجابی اور جاوید اقبال سمیت کئی فلمیں بنا چکے ہیں جبکہ آئندہ دنوں میں ان کی فلم ٹکسالی بھی ریلیز کی جائے گی ۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں