ہمارے ارکان نے حلف اٹھا لیا، جلد اسپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کریں گے، شوکت بسرا لاہور : پی ٹی آئی کے 99 رہنماؤں کی نجی ہال میں تقریب حلف برداری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے کہا کہ ہم پنجاب اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلی پنجاب کا انتخاب جلد کریں گے، ہارے ہوئے مینڈیٹ کو پنجاب اسمبلی میں بٹھانا عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے برابر ہے، ان کی حکومت زیادہ دیر تک نہیں چلنے دیں گے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی چیف ایگزیکٹو اور سینیئر نائب صدر مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بن گئیں، انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔ لیکن دوسری جانب پی ٹی آئی سراپا احتجاج ہے اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وہ ارکان اسمبلی جو سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے انھوں نے نجی طور پر حلف اٹھا لیا۔

لاہور کے نجی ہال میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ جیتے ہوئے 99 رہنماؤں کی تقریب حلف برداری ہوئی، شوکت بسرا نے تمام جیتنے والے رہنماؤں سے حلف لیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت بسرا نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں آج جعل ساز وزیراعلی منتخب کروائی گئی، ہمارے پاس پنجاب اسمبلی میں 250 لوگ موجود ہیں ہم جلد اپنی جماعت کے منتخب لوگوں کا اسمبلی اجلاس بلائیں گے۔

نعیم حیدر پنجوتہ کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف مختلف جگہوں پر درخواستیں دی لیکن وہ مسترد کر دی گئیں، مریم نواز، شہباز شریف اور نواز شریف ہارے ہوئے امیدوار تھے۔

اس موقع پر روبا عمر سمیت دیگر رہنماؤں نے الیکشن کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اس جعلی الیکشن اور جعلی حکمرانوں کو نہیں مانتے، جلد ہم اپنا مینڈیٹ واپس لیں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں