مسلم لیگ ن کے سینیٹر آصف کرمانی نے اعتراف کیا ہے کہ الیکشن میں نہ جا کر ہم سے فاش غلطی ہو گئی۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے عمران خان کی حکومت کو آئینی طور پر فارغ کیا تھا تو ہمیں فورا انتخابات کرا دینے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہی نواز شریف کی خواہش تھی، میں نے بھی ان کی خدمت میں یہ تجویز پیش کی تھی کہ الیکٹورل ریفارمز کر کے فوری انتخابات کرا دیئے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے میری اس بات کی مجھے سزا بھی ملے مگر کچھ لوگوں نے نواز شریف کو بے بس کیا، نواز شریف اپنے فیصلے ٹھونستے نہیں ہیں، پی ڈی ایم میں موجود اکثریت نے حکومت کرنے کی رائے دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس وقت انتخابات کرا دیئے جاتے تو مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتی اور آج ن لیگ کی حکومت ہوتی۔