پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا، ہیرا پھیری کے چمپئن شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے، تحریک انصاف پورے پاکستان میں ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی، تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی اور کامیابی بھی حاصل کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف ایسا تاثر پیدا کر رہے ہیں جیسے یہ چار بار عوام کو دھوکہ دینے کے بعد پھر آ جائیں گے، اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے، مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتا جائے گا، لاڈلے نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ن لیگ ہر بار عوام کو گمراہ کر کے اقتدار حاصل کرتی ہے، اب ان لاڈلوں کو چاہئے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں، یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کرلیں عوامی غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے، وہ دن دور نہیں جب عوام ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے اور یہ منہ چھپاتے پھریں گے، نوازشریف اور شہبازشریف دونوں اپنے کیس ختم کروا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے عوام کو جواب دینا ہو گا کیوں کہ شہبازشریف نے 16 ماہ کی حکومت میں سوائے لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل کرنے کے کچھ نہیں کیا، اس کے بدلے لاڈلوں نے پاکستان کو مہنگائی اور بیروزگاری کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کا خزانہ سیاسی عیاشیوں پر اڑانے والے نگران بچوں کیلئے قرانی سپارے نہیں چھاپ رہے، اللہ کے فضل و کرم سے ہماری حکومت نے بارہویں جماعت تک ناظرہ قران کی تعلیم لازمی قرار دی تھی، پرائمری تک بچوں کو مفت سپارے دئیے گئے تھے یہ سپارے نہایت اعلیٰ کاغذ پر نفیس طور پر شائع کیے گئے، نگران حکومت کے پاس جعلی بادل اور بارش کی دھوکہ دہی کیلئے تو وافر فنڈز موجود ہیں۔ لیکن ہمارے دور میں شروع کردہ کار خیر بلکہ مذہبی فریضہ کی ادائیگی کو آگے بڑھانے کی بجائے سپارے چھاپنے ہی بند کر دئیے، وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد اللہ لوگ آدمی ہیں وہ فوری نوٹس لیں۔