126 ممالک کے تاجروں، سیاحوں کو آن لائن ویزا اور فیس سے مستثنی قرار دیا گیا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بیرونی سرمایہ اور سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں میں آن لائن ویزا جاری کرنے اور انہیں ویزا فیس سے استثنی دے دیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے، جس سے خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 126 ممالک کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹے کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزا جاری کیے جائیں گے۔ ان ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ نئی ویزا پالیسی کے تحت پاکستان کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔

سکھ یاتریوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت فراہم کرنے کے لیے الگ سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرانک گیٹس کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے نتیجے میں معیشت مستحکم ہوگی اور زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں، اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقے سیاحوں کے لیے جنت ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نئی ویزا رجیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی کو لائق تحسین قرار دیا ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں