18 سے 45 سال کے شہری آسان شرائط پر قرض کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، وزیراعظم پی ایم یوتھ لون اسکیم میں خواتین کیلئے 25 فیصد کوٹہ مختص ہے‘ 30 جون تک نوجوانوں میں 30ارب کے قرضوں کی تقسیم کے ہدف کو مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ شہباز شریف کا ٹویٹ

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 18 سے 45 سال کے شہری آسان شرائط پر قرض کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پی ایم یوتھ لون اسکیم کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران میں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکیم میں آپریشنل مشکلات کو دور کریں اور 30 جون 2023 تک نوجوانوں میں 30 ارب روپے کی تقسیم کا ہدف حاصل کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ایم یوتھ لون اسکیم کا مقصد انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے فائدہ مند مواقع پیدا کرنا ہے، 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگ آسان شرائط و ضوابط پر قرض کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ لون سکیم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا، اس دوران وزیراعظم نے پی ایم یوتھ لون سکیم کے حوالے سے تمام تر آپریشنل مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کر دی، وزیر اعظم کی سربراہی میں پی ایم یوتھ لون سکیم کی کارکردگی اور کام کی رفتار کو جانچنے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی۔

اس اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں میں انٹرپرنیور شپ اور روزگار کے فروغ کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، 30 جون 2023 تک پی ایم یوتھ لون سکیم کے ذریعے 30 ارب روپے تک قرضوں کی فراہمی کے ہدف کو پورا کیا جائے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں