ریاض 18 لاکھ سے زائد عازمین حج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد مغرب کے وقت مزدلفہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق منگل کو میدان عرفات میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ رواں برس 2023 (1444 ہجری) میں 150 سے زیادہ ممالک سے آنے والے عازمین کی تعداد 18 لاکھ 45 ہزار 45 رہی ہے۔
انہوں نے عازمین حج کی عرفات منتقلی کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کا اعلان کیا اور اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ عازمین مناسک حج آسانی سے مکمل کریں اور بحفاظت ان کی واپسی ہو۔
قبل ازیں حجاج نے مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ سنا جس کا ترجمہ اردو سمیت 20 زبانوں میں نشر بھی کیا گیا۔
شیخ یوسف بن سعید نے کہا کہ زبان، رنگ اور نسل کا فرق لڑائی جھگڑے کی وجہ نہیں بلکہ یہ کائنات میں خدا کی نشانیوں میں سے ہے، قرانی احکامات اتفاق، باہمی محبت اور قلبی ربط کی تاکید اور فرقہ بندیوں اور اختلاف سے منع کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اے بیت اللہ کے حاجیو! نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے خطبہ حج میں فرمایا تھا، اے لوگو! تمہارا پروردگار ایک ہے، خبردار! کسی عربی کو عجمی پر اور نہ ہی کسی عجمی کو عربی پر، نہ ہی کسی گورے کو کسی کالے پر کوئی برتری حاصل ہے مگر پرہیزگاری (فضیلت کا معیار ہے): کیا میں نے اپنی بات پہنچا دی۔ خدا نے تمہارے درمیان ایک دوسرے کی جان، مال اور عزت و آبرو کو محترم قرار دیا ہے بالکل ایسے ہی جیسے اس دن، اس مہینے اور اس شہر کی حرمت ہے۔
حجاج نے میدان عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز ایک اذان دو اقامت کے ساتھ قصر ادا کی اورغروب آفتاب تک وقوف کیا۔
سورج غروب ہوتے ہی حجاج کے قافلے مزدلفہ کی طرف روانہ ہوئے جہاں سے وہ رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے اور وہیں رات بسر کریں گے، نماز فجر کے بعد منیٰ کے لیے روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں حجاج نے منی قیام کیا اور پانچوں وقت کی نمازیں ادا کرنے کے بعد عرفات کے لیے روانہ ہوئے۔
منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں دنیا بھر سے آنے والے حجاج کے قافلوں کی آمد 7 ذوالحجہ کی نصف شب کے بعد سے شروع ہو گئی تھی جس کا سلسلہ 8 ذوالحجہ کی دوپہر تک جاری رہا۔
وزارت حج کی جانب سے منی میں حجاج کی آمدورفت کے لیے اس سال غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے، منیٰ جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں کسی کو پرمٹ کے بغیر جانے کی اجازت نہیں ہے۔