5 ججوں نے مجھے نہ نکالا ہوتا تو ڈالر آج 100 کا، کوئی بیروزگار نہ ہوتا، نوازشریف

قائد مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر مجھے نہ نکالا جاتا تو آج حافظ آباد میں سب کے پاس روزگار ہوتا،اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ حافظ آباد کا ہر گھر خوشحال ہوتا، میرا مشن پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے اور ہم اسے پوراکریں گے۔

حافظ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ (ن)نوازشریف نے کہا کہ کئی سال بعد حافظ آباد آکر یادیں تازہ ہوگئیں،مجھے حافظ آباد سے بہت پیار ہے،آج حافظ آباد جھوم رہا ہے،آج حافظ آباد کی عوام کو جھومتا دیکھ کر میں بھی جھوم رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء میں پانچ ججز نے بیٹھ کر نوازشریف کو فارغ کر دیا،نوازشریف کو سازش کرکے اقتدار سے ہٹایا گیا،بیٹے سے تنخواہ نہ لی اس لئے وزیراعظم کو فارغ کر دیا گیا،اگر مجھے نہ نکالا جاتا تو آج حافظ آباد میں سب کے پاس روزگار ہوتا،مجھے نہ نکالا جاتا تو ملک میں بجلی اور گیس سستی ہوتی۔

روٹی اور نان مہنگا نہ ہوتا،ملک میں مہنگائی نہ ہوتی،ڈالر نیچے ہوتا،مجھے بار بار گرفتار اور جعلی مقدمات میں الجھایا نہ ہوتا تو پاکستان کا دنیا میں الگ مقام ہوتا،اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ حافظ آباد کا ہر گھر خوشحال ہوتا۔

نوازشریف نے کہا کہ اگر مجھے نہ نکالا جاتا تو ہمارے سبز پاسپورٹ کی دنیا میں عزت ہوتی، ہمارے دور میں ملک ترقی کے عروج پر تھا،اس ملک میں لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی عروج پر تھی،اس ملک سے لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہم نے کیا۔

قائد (ن) لیگ نے کہا کہ میرا مشن پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے اور ہم اسے پوراکریں گے،آپ وعدہ کریں کہ ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں