اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کو مکمل طور پر بحال کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ایس ایم ڈبلیو فور سب میرین کیبل سے فالٹ دور کر لیا گیا ہے۔
جون میں ایس ایم ڈبلیو فور اور اگست میں اے اے ای ون سب میرین کیبل فالٹ سامنے آیا تھا۔ دونوں کیبلز کی بحالی کے بعد 1750 جی بی پی ایس کا سارٹ فال دور ہو گیا ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ملک میں انٹرنیٹ اب مکمل اسپیڈ اور صلاحیت کے ساتھ مکمل طور پر فعال ہے۔
انہوں نے کہا کہ سال 2023 میں صلاحیت میں اضافے کے لیے پیس کیبل کو سسٹم میں شامل کیا گیا۔ کنیکٹیوٹی کے لیے اگلے 2 سالوں میں 3 کیبلز کا اضافہ کیا جائے گا۔ 2 ٹرانس ورلڈ انٹرنیشنل اور ایک پی ٹی سی ایل کیبل سسٹم میں شامل کی جائے گی۔