اب شہری کسی بھی شہر سے پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں، ایڈریس کی بنیاد پر پاسپورٹ بنوانے کی سہولت سے انکار نہیں کیا جائے گا۔ علاقائی دفاترز کو مراسلہ جاری
محکمہ پاسپورٹ نے پاسپورٹ بنوانے کیلئے رولز میں ترمیم کردی ہے۔ میڈیا کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے پاسپورٹ بنوانے کیلئے شناختی کارڈ کی شرط ختم کردی ہے، اب شہری کسی بھی شہر سے پاسپورٹ بنوا سکتے ہیں، پاسپورٹ رولز میں ترمیم کا مراسلہ علاقائی دفاترز کو بھیج دیا گیا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ نئی پالیسی کے تحت شہریوں کو حدود کے دائرہ اختیار میں نرمی دی جائے گی۔
اب شہری پاکستان کے کسی بھی شہر سے پاسپورٹ کیلئے اپلائی کرسکتا ہے۔ایڈریس کی بنیاد پر پاسپورٹ بنوانے کی سہولت سے انکار نہیں کیا جائے گا۔ مزید برآں اسلام آباد پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ میں پاسپورٹ پرنٹنگ کی تاخیر کے معاملہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، 10 پاسپورٹ پرنٹنگ ڈیسک ٹاپ مشینیں بیرون ملک سے پاکستان پہنچ گئیں ۔
ذرائع وزرات داخلہ تمام مشینیں اگلے ہفتے سے آپریشنل ہو جائیں گی۔
ذرائع وزرات داخلہ کے مطابق اس وقت ڈیسک ٹاپ پرنٹنگ مشینری انسٹالیشن کا عمل جاری ہے ۔ ڈیسک ٹاپ مشینیں آپریشنل ہونے سے موجودہ پرنٹنگ کیسپٹی دوگنی ہو جائے گی ۔ ذرائع وزرات داخلہ نے بتایا کہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر 20 سے 22 ہزار پاسپورٹ کی پرنٹنگ جاری ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر سے پاسپورٹ کے اجرا کی 45 سے 50 ہزار درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف نعرے لگانے والوں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ افسوس ناک ہے، نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے نادرا کو ہدایت دی ہے کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے، حملہ آوروں کے خلاف کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی، حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔