روسی کمپنی کا وفد پاکستان اسٹیٹ آئل کے حکام سے مذاکرات کے لئے پاکستان پہنچ گیا۔
ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ سستے تیل کی خریداری کے معاملات طے کرنے کے لئے روسی تیل کمپنی کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
ذرائع وزارت توانائی نے بتایا کہ روس کا وفد آج پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کے حکام سے مذاکرات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وفد کے دورے میں روس سے خام تیل کی درآمد کیلئے معاہدے کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے، اور معاہدے کے بعد پاکستان کو سستے تیل کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ وزارت توانائی کے ذرائع نے بتایا تھا کہ روس سے برنٹ آئل مارکیٹ کی نسبت 26 ڈالر فی بیرل تیل سستا ملے گا، موجودہ صورتحال میں روس سے درآمد شدہ تیل کی قیمت 182 روپے فی لیٹر تک ہوگی اوراور عوام کو ریلیف دیا جاسکے گا۔
روس سے 65 ڈالر 50 سینٹس فی بیرل تیل درآمد کیا جائے گا، تمام بین الاقوامی ٹیکسز شامل کرکے بھی پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت کافی کم ہوگی۔