125 ارب روپے کی پیشکش اب بھی برقرار ہے، مذکورہ رقم میں 5 ارب روپے کا مزید اضافہ کیا جارہا ہے، پی آئی اے کے 250 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کرنے کی بھی یقین دہانی کراتے ہیں؛ النہانگ گروپ کا مراسلہ
قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی نجکاری کے ذریعے خریداری کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی گروپ نے 125 ارب روپے کی اپنی آفر کا دائرہ مزید بڑھا دیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق النہانگ گروپ کی جانب سے وزیرنجکاری، وزیرہوا بازی اور وزیر دفاع سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ایک اور مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں گروپ نے پی آئی اے کی خریداری کے لیے کسی بھی دوسری کمپنی کے مقابلے میں 5 ارب روپے کی اضافی رقم دینے کی پیشکش کردی۔
اس سلسلے میں النہانگ گروپ نے کہا ہے کہ پہلے سے موجود 125 ارب روپے کی پیشکش اب بھی برقرار ہے، اس کے ساتھ ہی مذکورہ رقم میں 5 ارب روپے کا مزید اضافہ کیا جارہا ہے، ہم پی آئی اے کی خیدراری کے لیے آئندہ 2 ہفتے یا اس سے زائد مدت کے دوران ہر اہل گروپ سے 5 ارب روپے کی رقم اضافی دیں گے، اس کے علاوہ پی آئی اے کے 250 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کرنے کی بھی یقین دہانی کراتے ہیں، ملازمین کی ادارے سے بے دخلی نہ کرنے، تنخواہوں میں ابتداء میں 30 فیصد اور پھر 100 فیصد اضافے کی پیشکش بھی برقرار رہے گی۔
ذرائع نے بتایا گروپ نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو چلانے کے لہے عمدہ بزنس پلان بنایا گیا ہے، ایئرلائن کے فضائی بیٹرے میں جدید طیاروں کی شمولیت کا عزم اب بھی قائم ہے، یہ پیشکش پی آئی اے کے قیمتی اثاثوں کی اس کی جائز اور اصل قیمت میں فروخت کے شفاف عزم کا اعادہ ہے، ہماری یہ آفر پاکستان اور قومی پرچم بردارایئرلائن کے ساتھ دلی وابستگی کا مظہر ہے، النہانگ گروپ اگرچہ ابتدائی بولی کے عمل کا حصہ نہیں ہے مگر پی آئی اے کی منصفانہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق فروخت کا حامی ہے۔
اپنے خط میں النہانگ گروپ کا کہنا ہے کہ 10 ارب کی بولی کو 125 ارب روپے کرنے کا مقصد مسابقتی اور شفاف بولی کی پیشکش کے ذریعے ایک نیا معیار قائم کرنا ہے، پیشکش کا یہ عمل پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ایک متبادل حل کا بھی ضامن ہے، بعض گروپوں کی جانب سے اس قسم کے مواقعوں پرحکومت کو گمراہ کرنے اور بولی لگانے کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہوتی ہے، ایسے وقت میں جب ملک معاشی چیلنجز سے دوچار ہے، ملک کی ترقی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔