اسلام آباد وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹ کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہئیے۔انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پہلے امریکی لابی فرموں سے تو حقیقی آزاد حاصل کر لو۔راناثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان آئین، سچائی، توشہ خانہ، فار فنڈنگ و دیگر کیسز سے حقیقی آزادی چاہتا ہے ، عمران خان کی حقیقی آزادی کے مناظر پوری قوم پہلے ہی دیکھ چکی ہے، یہ ایک بار پھر ملک میں لوٹ مار کی حقیقی آزادی چاہتا ہے۔
یہ ہر ادارے کو اپنا غلام بنانے کی حقیقی آزاد چاہتا ہے۔راناثناء اللہ نے مزید کہا کہ ملک کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹ کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔
عمران خان مینار پاکستان جیسی پاک جگہ کو اپنے جھوٹ کے لیے استعمال کر رہا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف آج مینار پاکستان پر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ،پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کر دئیے گئے۔
مینار پاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو بڑے کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔ راوی پل اور ریلوے اسٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے راستے بند ہیں جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بند ہیں،شاہدرہ راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا۔ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دو موریہ پل کو بھی بند کر دیا گیا۔ انچارج میٹرووبس کے مطابق جلسے کے باعث میٹرو بس کا روٹ بھی مختصر کیا گیا ہے۔میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جا رہی ہے۔