انگلش کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کھل کر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی حمایت میں بول پڑے۔
دی ہنڈرڈ لیگ میں بابر اعظم کو پِک نہ کیے جانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں، میرے بس میں ہوتا تو بابر کو ٹیم میں لینے کے لیے ڈبل پیسے آفر کر دیتا اور اسے پِک کرنے کے لیے اپنا پورا بجٹ لگا دیتا۔
انگلش کرکٹر نے کہا کہ میرے خیال میں بابر کی دستیابی کا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے وہ پِک نہیں ہوئے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ جو ہمارے ساتھ ہوا ہے نہیں چاہتا ہوں کہ وہ کسی اور کے ساتھ ہو، بابر اعظم اچھی کپتانی کررہے ہیں اور انہیں آگے بھی کرنی چاہیے۔
سرفراز احمد نے یوٹیوبر نادر علی کو انٹرویو کے دیتے ہوئے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ بابر اعظم بہت اچھی کپتانی کررہے ہیں اور انہیں آگے بھی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، بابر اعظم میں بطور کپتان کافی بہتری آرہی ہے ، انسان غلطی کرتا ہے توسیکھتا ہے، لیکن پاکستان میں غلطی کرنا گناہ ہوجاتا ہے، غلط فیصلے کرنے پر ایک شخص کو قصور وار سمجھا جاتا ہے۔