آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات میں اسپیکر نے عمران خان کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات اسی ہفتے شروع ہوں گی، وزیراعظم شہباز شریف مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ اسپیکر کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مدعو کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کو بطور پارٹی سربراہ دعوت دی جائے گی ۔ عمران خان سمیت تمام سیاسی و پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کو دعوت نامے اسی ہفتے جاری کیے جائیں گے۔ اسپیکر آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان خود آئیں یا اپنا نمائندہ بھجوائیں یہ ان کی مرضی ہوگی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی پارٹی کے لوگ منتظر ہیں کب عمران نااہل ہوں اور وہ پارٹی کی قیادت سنبھالیں۔
شاہ محمود قریشی اور پرویز الہٰی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ ڈبّا پیر، ڈبو، عمران خان کا ڈاکو اور دانشور منتظر ہیں کہ کب خان صاحب نااہل ہو اور وہ پارٹی کی قیادت سنبھالیں۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک کا رنگ باز اور ملتان کا ڈبّا پیر سپریم کورٹ کے اکثریتی ججوں کی رائے کی توہین کر رہے ہیں۔ رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ دو مداریوں کے ہاتھ 3 ڈگڈگیاں ہیں جو وہ زور زور سے بجا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خاتون جج کو دھمکیاں دینے والے 3 ججز کے حامی و ترجمان بن گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس دائر کرنے والوں کو عدلیہ اور ججوں کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران ٹولہ ہمیشہ آئین، انصاف اور عوام کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔