کراچی مفتی اعظم پاکستان مفتی تقی عثمانی نے موجودہ ملکی حالات میں سب کو ساتھ بٹھا کر ملکی مفاد کیلئے مسئلے کا حل نکالنے کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی گھر کے لوگ آپس میں لڑ رہے ہوں اور گھر میں آگ لگ جائے توکیا اس وقت یہ بحث کی جائے گی کہ آگ کس نے لگائی یا واحد راستہ یہ ہوگا کہ سب مل کر آگ کو بجھائیں؟ موجودہ بحران کا حل صرف یہی ہے کہ تمام جماعتیں اور ادارے منافرت اور دشمنی کی بجائے سرجوڑ کر ملک کو بچائیں۔
اگر کسی گھر کے لوگ آپس میں لڑ رہے ہوں اور گھر میں آگ لگ جائے توکیا اس وقت یہ بحث کی جائیگی کہ آگ کس نے لگائی یا واحد راستہ یہ ہوگا کہ سب ملکر آگ بجھائیں؟ موجودہ بحران کا حل صرف یہی ہے کہ تمام جماعتیں اور ادارے منافرت اور دشمنی کے بجائے سرجوڑکرملک کوبچائیں
— Muhammad Taqi Usmani (Official) (@muftitaqiusmani) April 1, 2023
مفتی تقی عثمانی نے کہا قرآن کریم فرماتاہے کہ ‘تمام مسلمان آپس میں بھائی ہیں اس لیے اپنے دو بھائیوں کے درمیان صلح کراؤ اور اللہ سے ڈرو تاکہ تمھارے ساتھ رحمت کامعاملہ کیا جائے‘ ان حالات میں عوام اور با اثرحضرات کافرض ہے کہ وہ اس قرآنی حکم پرعمل کرکے رہنماوں کو ساتھ بٹھانے کی بھرپور کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کو یقیناً سیاست میں دخل نہیں دینا چاہیئے لیکن ایسے سنگین حالات میں جماعتوں کو ساتھ بٹھا کر غیرجانب داری سے خالص ملک کے مفاد اور قومی سلامتی کے لیے مسئلے کا حل نکالنا ان کا فرض بنتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کی توفیق عطا فرمائے، آمین!۔
فوج اور عدلیہ کو یقیناً سیاست میں دخل نہیں دینا چاھئے لیکن ایسے سنگین حالات میں جماعتوں کو ساتھ بٹھا کر غیرجانب داری سے خالص ملک کے مفاد اور قومی سلامتی کے لئے مسئلے کاحل نکالنا انکا فرض بنتا ہے اللہ تعالی اسکی توفیق عطا فرمائے آمین
— Muhammad Taqi Usmani (Official) (@muftitaqiusmani) April 1, 2023
ادھر پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کو انتخابات میں پرامن رہنے اور سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی یقین دہانی کرادی، پی ٹی آئی نے تحریری یقین دہانی سپریم کورٹ میں جمع کرائی، تحریری یقین دہانی میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف حکومتی جبر جاری ہے، جمہوریت کی بقاء کیلئے عدالت کو یقین دہانی کرا رہے ہیں، الیکشن مہم کے دوران اور پولنگ ڈے پر باقی تمام جماعتوں کی طرح پی ٹی آئی بھی پرامن رہے گی، اگر ہتھیاروں اور ہوائی فائرنگ پر پابندی ہوگی تو پی ٹی آئی بھی پرامن رہے گی، جلسے جلوس اور ریلیاں صرف ان مقامات پر کیے جائیں گے جہاں پر سکیورٹی کی یقین دہانی ہوگی۔