مسلسل دوسرے روز ملک میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، سمیت دیگر شہروں میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھا گیا

کراچی  ملک میں مسلسل دوسرے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قدر 41 امریکی ڈالر اضافے کے بعد 2023 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔

ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2500 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 2 لاکھ 17 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 2142 روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی ہے اور نئی قیمت 186042 روپے ہو گئی ہے۔

سونے کی قیمتیں بڑھنے کے بعد فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا اور نئی قدر بالترتیب 2450 روپے اور 2100.48 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔ ادھر ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت رجحان دیکھا گیا۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 56 پیسے اضافے کے ساتھ انٹر بینک میں ڈالر 287 روپے 85 پیسے کا ہوگیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 287 روپے 29 پیسے پر بند ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر بلند ترین سطح پرپہنچ گیا، 2 روپے اضافے کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 293 روپے پر ٹریڈ ہورہاہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں