1 سال میں 10 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق صرف ایک سال میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 300 فیصد اضافہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر نے انکشاف کیا کہ ملک میں گزشتہ سال تک سالانہ اوسطً 2 سے ڈھائی لاکھ پاکستانی بیرون ملک جاتے تھے، تاہم اب اس سال یہ تعداد بڑھ کر 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
ملک کے حالات اس قدر خراب ہو چکے کہ ملک کے بہترین دماغ تیزی سے ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ جبکہ اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق غیر یقینی معاشی و سیاسی صورتحال، مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان لاکھوں نوجوان رزق کی تلاش میں سمندر پار چلے گئے۔
روزگار کے حصول کیلیے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
گزشتہ سال دسمبر تک 7 لاکھ 65 ہزار نوجوان حصول روزگار کیلیے پاکستان چھوڑ کر جا چکے تھے، جبکہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں مزید ہزاروں پاکستانی بیرون ملک چلے گئے۔ بیرون ملک جانے والوں میں ڈاکٹر، انجینئر، آئی ٹی ماہرین، اکائوٹنٹس، ایسوسی ایٹ انجینئر، اساتذہ، نرسز شامل ہیں، 92 ہزار سے زائد اعلی تعلیم یافتہ افراد بھی سمندر پار جا بسے۔
دسمبر 2022 تک 92 ہزار سے زائد گریجویٹس، ساڑھے 3 لاکھ تربیت یافتہ اور 3 لاکھ سے زائد غیرتربیت یافتہ نوجوان بیرون ملک گئے۔ بیرون ملک جانے والوں میں 5 ہز ار 534 انجینئرز، 18 ہزار ایسوسی ایٹ الیکٹریکل انجینئرز، اڑھائی ہزار ڈاکٹرز، 2 ہزار کمپیوٹر ماہرین، ساڑھے6 ہز ار سے زائد اکائوٹنٹس، 2 ہزار600 زرعی ماہرین، 13 ہزار سپروائزر، 16ہزار منیجرز، 900 سے زائد اساتذہ، 12ہزار کمپیوٹر آپریٹر، 16سو سے زائد نرسز، 21 ہزار 517 ٹیکنیشنز،10 ہزار 372 آپریٹر، ساڑھے 8 ہزار پینٹرز، 783 آرٹسٹس، 5 سو سے زائد ڈیزائنرز شامل ہیں جبکہ 2 لاکھ 13 ہزار ڈرائیورز اور 3 لاکھ 28 ہزار مزدور بھی روزگار کی تلاش میں پرائے دیس چل پڑے۔
اعداد وشمار کے مطابق دسمبر 2022 تک 7 لاکھ 36 ہزار پاکستانی نوجوان خلیجی ممالک جبکہ 40 ہزار پاکستانی یورپی اور ایشیائی ممالک گئے۔ سب سے زیادہ 4 لاکھ 70 ہزار پاکستانی نوجوان سعودی عرب، 1 لاکھ 19 ہزار متحدہ عرب امارات، 77 ہزار عمان، 51 ہزار 634 قطر جبکہ 2 ہزار پاکستانی کویت گئے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران بیرون ممالک کا رخ کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد غیر معمولی ہے۔ اس سے قبل 2020 میں 2 لاکھ 25 ہزار، جبکہ2021 میں 2 لاکھ 88 ہزار نوجوانوں نے بیرون ملک ملازمت کو ترجیح دی تھی۔